صحابہ کرام ؓ کیوں سے سوال نہیں کیا کرتے تھے

حضرات صحابہ کرام رضوان اللہ تعالیٰ علیہم اجمعین کے حالات پڑھ کر دیکھئے تو آپ کو پورے ذخیرۂ حدیث میں یہ کہیں نظر نہیں آئے گا کہ کسی صحابی نے کسی حکم شرعی کے بارے میں یہ سوال کیا ہو کہ یہ حکم کیوں دیا گیا؟ ایک مثال نہیں ملے گی؛، البتہ یہ سوال ملے گا کہ فلاں چیز کے بارے میں حکم شرعی کیا ہے؟ لفظ ’’کیوں ‘‘ سے سوال نہیں کرتے تھے، سوال نہ کرنے کی وجہ کیا تھی؟ کیا ان کے اندر عقل اور سمجھ نہیں تھی؟ کیا وہ ان شرعی حکموں کی حکمتیں اور مصلحتیں نہیں پہچان سکتے تھے؟ ایسا نہیں تھا، کیونکہ ان کی عقل اتنی تھی کہ آج کے دور کا بڑے سے بڑا عقلمند ان کی عقل کی گرد کو نہیں پہنچ سکتا، پھر سوال نہ کرنے کی کیا وجہ تھی؟ وجہ یہ تھی کہ اس عقل ہی کا تقاضہ یہ تھا کہ جب اللہ کو اپنا خالق اور مالک مان لیا اور نبی کریم سرورِ دوعالم ﷺ کو ان کا رسول مان لیا تو اب جو بات اور جو حکم بھی ان کی طرف سے آئے گا وہ حق ہوگا، اس میں ہمارے لئے چوں و چرا کی مجال اور گنجائش نہیں … اس لئے لفظ ’’کیوں ‘‘ سے صحابہ کرام رضوان اللہ تعالیٰ علیہم اجمعین سوال نہیں کرتے تھے۔

(اصلاحی خطبات جلد نمبر 7 صفحہ نمبر 298)
********