fatawa-usmani-2

حیلۂ اسقاط اور میّت کے لئے تین دن خیرات کرنے کا حکم

سوال۱:- مردے کے فدیہ میں پیسے اور قرآن کا دورِ اسقاط پھراتے ہیں، یہ کیسا ہے؟
۲:- مردے کے لئے اوّل تین رات خیرات کرتے ہیں اور تین صبح تلاوتِ قرآن قبر پر جاکر کرتے ہیں، اس کو پیسے اور روٹی دیتے ہیں، یہ کیسا ہے؟ سائل: مولانا افضل خان
شاہ پورکانا، ضلع سوات، صوبہ سرحد
جواب۱:- حیلۂ اسقاط کی شریعت میں کوئی اصل نہیں، اس کے بجائے مشروع طریقہ یہ ہے کہ جتنی نمازیں یا روزے مردے کے قضا ہیں، اتنی نمازوں اور روزوں کا فدیہ غرباء کو دے دیا جائے، اور جتنا ہوسکے مشروع طریقے سے اس کو ایصالِ ثواب کیا جائے۔(۱)
۲:- اس قسم کی پابندیاں بدعت ہیں اور ان سے اجتناب لازم ہے۔ ہاں! ان پابندیوں سے بچ کر مردے کو جتنا ایصالِ ثواب اِخلاص کے ساتھ کیا جائے باعثِ خیر و برکت ہے۔

واللہ سبحانہ اعلم
۶؍۱؍۱۳۹۷ھ
(فتویٰ نمبر ۲۸/۶۷ الف)