Project Description

آسان ترجمۂ قرآن

قرآنِ کریم اللہ تعالیٰ کی وہ کتاب ہے جو بذاتِ خود ایک عظیم معجزہ ہے ، اس لئے اُس کا ٹھیک ٹھیک ترجمہ جو قرآنِ کریم کی بلاغت اور اس کے بے مثال اُسلوب اور تأثیر کو کسی دُوسری زبان میں منتقل کردے ، بالکل ناممکن ہے۔لیکن اپنی بساط کی حد تک بندہ نےیہ کوشش کی ہے کہ قرآنِ کریم کا مطلب آسان ،بامحاورہ اور رواں انداز میں واضح ہوجائے ۔یہ ترجمہ بالکل لفظی ترجمہ بھی نہیں ہے،اور اتنا آزاد بھی نہیں ہے جو قرآنِ کریم کے الفاظ سے دُور چلا جائے۔ وضاحت کو پیشِ نظر رکھنے کے ساتھ ساتھ حتی الوسع قرآنِ کریم کے الفاظ سے بھی قریب رہنےکی کوشش کی گئی ہے، اور جہاں قرآنِ کریم کے الفاظ میں ایک سے زیادہ تفسیروں کا احتمال ہے، وہاں یہ کوشش بھی کی گئی ہے کہ ترجمے کے الفاظ میں بھی وہ احتمالات باقی رہیں۔اور جہاں ایسا ممکن نہ ہوسکا،وہاں سلف کے مطابق جو تفسیر زیادہ راجح معلوم ہوئی، اُس کے مطابق ترجمہ کیاگیاہے۔ تشتریحی حواشی میں صرف اس بات کا لحاظ رکھا گیا ہے کہ ترجمہ پڑھنے والے کو جہاں مطلب سمجھنے میں کچھ دُشواری ہو، وہاں وہ حاشیہ کی تشریح سے مدد لے سکے، لمبے تفسیری مباحث اور علمی تحقیقات کو نہیں چھیڑا گیا، کیونکہ اس کے لئے بفضلہٖ تعالیٰ مفصل تفسیریں موجود ہیں۔ البتہ ان مختصر حواشی میں چھنی چھنائی بات عرض کرنے کی کوشش کی گئی ہے جو بہت سی کتابوں کے مطالعے کے بعد حاصل ہوئی ہے۔ الحمد اللہ! مکتبہ معارف القرآن نے مولانا حق نواز صاحب کے ذریعے اینڈ رائڈ فون کے لئے اس کی اپلیکیشن بڑی محبت اور محنت سے تیار کی ہے جسمیں متعدد سہولیات موجود ہیں اور تلاش کی سہولت نےپڑھنے والے کیلئے اس سے استفادہ بہت آسان بنادیاہے۔

Share This App, Choose Your Platform!