فخر،کبر اور شکر میں فرق کس طرح کیا جائے؟

فرمایا کہ:’’نعمت پر فخر کرنا’’کبر‘‘ ہے اور اس کو عطا ء حق سمجھنا اور اپنی نا اہلی کو مستحضر رکھنا ’’شکر‘‘ ہے‘‘،جیسا کہ پہلے بھی عرض کیا تھا کہ ’’تکبر‘‘ کی بیماری کا بہترین علاج کثرت شکر ہے، یعنی اللہ تعالیٰ کی نعمتوں پر شکر ادا کرنے کی عادت ڈالنا، وہی بات حضرت نے اس ملفوظ میں ارشاد فرمائی کہ کسی نعمت کے حصول پر فخر کرنا کہ اس کی وجہ سے اپنے آپ کو بڑا سمجھنا اور دوسروں کو کمتر سمجھنا، تکبر ہے،لیکن یہ سمجھنا کہ میں تو اس نعمت کا مستحق نہیں تھا ، اللہ جل شانہ نے محض اپنے فضل سے یہ نعمت عطا فرمادی ہے، یہ استحضار’’شکر‘‘ ہے اور یہی شکر کبر کا علاج ہے۔(اصلاحی مجالس،ج ۱، ص ۳۰۴)