fatawa-usmani-2

تصویر والے کمرے میں نماز پڑھنے کا حکم

سوال:- جس کمرے میں کسی مرد یا عورت کا فوٹو آویزاں ہو تو اس جگہ نماز ہوسکتی ہے یا نہیں؟
جواب:- جس مکان میں کسی ذی رُوح کی تصویر لگی یا لٹکی ہو اس میں نماز پڑھنا مکروہِ تحریمی ہے، اور سب سے زیادہ کراہت اس تصویر میں ہے جو نمازی کے سامنے جانبِ قبلہ میں ہو، پھر وہ جو نمازی کے سر پر معلق ہو، پھر وہ جو اس کے داہنے ہو، پھر وہ جو بائیں جانب ہو، اور سب سے کم کراہت اس میں ہے کہ نمازی کے پیچھے کسی دیوار وغیرہ میں ہو، اور اگر تصویر قدموں کے نیچے ہو تو اس وقت بھی بعض فقہاء کے نزدیک کراہت ہے اور بعض کے نزدیک نہیں ہے، لہٰذا پرہیز اس سے بھی کرنا چاہئے۔ کذا فی رد المحتار ج:۱ ص:۴۳۵، باب ما یفسد الصلٰوۃ ویکرہ فیھا۔(۱)

واللہ اعلم
۲۲؍۱۱؍۱۳۹۶ھ
(فتویٰ نمبر ۲۵۹۶/۲۷ و)

(۱) فتاویٰ شامیۃ ج:۱ ص:۵۷۲ (طبع ایچ ایم سعید)۔